شاد نگر میں پولیس کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ

   

اے سی پی سریندر ، رکن اسمبلی وائی انجیا یادو اور دیگر کی شرکت
شاد نگر۔ سائبر آباد پولیس کمشنر وی سجنار کی ہدایت پر شاد نگر پولیس اے سی پی سریندر کی قیادت میں شاد نگر کے فرخنگر میں واقع کنگس پیالیس فنکشن ہال میں میگا خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ شاد نگر پولیس کی جانب سے منعقدہ خون کے عطیہ کیمپ کا رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو کے ہاتھوں افتتاح عمل میںآیا۔ شاد نگر پولیس کی جانب سے منعقدہ خون کے عطیہ کیمپ میں خون کا عطیہ دینے والے شاد نگر پولیس ڈیویژن میں واقع پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس ملازمین، ٹی یو ڈبلیو جے، آئی جے یو تنظیم کے علاوہ مختلف سماجی تنظیموں سے وابستہ ذمہ داروں و نوجوانوں کے علاوہ مقامی نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے خون کا عطیہ دیا۔ خون کا عطیہ دینے والوں میں ٹی آر ایس پارٹی کے اقلیتی و اکثریتی طبقہ سے وابستہ نوجوان بھی شامل تھے۔ خون کے عطیہ کیمپ کے موقع پر رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے خون کا عطیہ دے رہے ہیں۔ خون کا عطیہ دینا ایک بہترین عمل ہے ۔ اس طرح کے پروگرام میں نوجوان آگے آئیں۔ خون کا عطیہ دینے سے کسی ضرورت مند کی ضرورت پوری ہوجاتی ہے۔ بعض اوقات خون کیلئے ضرورت مند پریشان رہتے ہیں۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے مزید کہا کہ سائبر آباد پولیس کمشنر وی سجنار کی جانب سے کئے گئے اس اقدام کی بھرپور ستائش کی۔ خون کے عطیہ پروگرام کی نگرانی شاد نگر سرکل انسپکٹر سریدھر کمار نے کی۔ اس موقع پر فرخنگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد، شاد نگر بلدیہ چیرمین کے نریندر، شاد نگر بلدیہ کوآپشن ممبر غوث جانی، زمرد خان ، شاد نگر ایس آئی سریش کے علاوہ اے ایس آئیز ، مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس ملازمین موجود تھے۔