شاد نگر ۔10 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادنگر میونسپل انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی حکام پوری طرح تیار ہیں اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔ ضلع الیکشن اتھارٹی کی افسر سنیّتا ریڈی کی نگرانی میں ڈیوٹیوں کی تقسیم کی گئی۔ میونسپل کمشنر اور الیکشن افسر سنیّتا ریڈی کے مطابق 28 وارڈوں کے لیے مجموعی طور پر 53,403 ووٹرس ہیں، جن کے لیے 76 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ 300 سے زائد پی اوز، اے پی اوز اور دیگر عملہ انتخابی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ منگل کے روز آر ڈی او سریتا کی موجودگی میں ڈیوٹیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ مختلف علاقوں سے آنے والا انتخابی عملہ بیلٹ بکس اور دیگر سامان وصول کر کے اپنی ذمہ داریوں کے لیے تیار ہو گیا۔ دوسری جانب پولیس نے بھی 28 وارڈوں میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں۔ ڈی سی پی شریشا کی قیادت میں 200 سے زائد پولیس اہلکار وارڈوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔ حساس وارڈوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، بتایا جا رہا ہے کہ میونسپل علاقہ کے چھ وارڈوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل اور سیکیورٹی انتظامات کا مقامی اے سی پی لکشمی نارائن نے صبح ہی جائزہ لیا۔ پرامن انتخابات کیلئے پولیس پوری طرح چوکس ہے۔