شاراپوا نوجوان حریف کیخلاف شرمناک شکست سے محفوظ

   

شینزن۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )روسی ٹینس اسٹار ماریا شارا پووا 17سالہ چینی کھلاڑی کے خلاف شکست اور ٹورنمنٹ سے باہر ہوجانے کی خفت سے اس وقت بچ گئیں جب ان کی کمسن حریف مقابلے میں کامیابی کیلئے درکارسبقت کے بعد زخمی ہو کر میچ سے باہر ہوگئیں۔شینزن اوپن کے دوسرے راونڈ میں چینی کھلاڑی وانگ زینزی نے شارا پووا کے خلاف پہلا سٹ 7-6 سے جیتنے کے بعد دوسرے سٹ میں 5-2 کی برتری حاصل کرلی تھی لیکن اسی دوران وہ زخمی ہو گئی۔ طبی امداد کے باوجود وہ کھیلنے کے قابل نہ ہو سکی اور میچ سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگئی۔ ماریا شارا پووا اسے تسلی دینے اس کے پاس گئیں تو کمسن چینی کھلاڑی رونے لگی جس پر شارا پووا نے دلاسہ دیا اور کہا کہ تم نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ زخمی ہونا کھیل کا حصہ ہے اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ وانگ زینزی اس ٹورنمنٹ میں شریک پہلی سب سے کمسن چینی کھلاڑی ہے اور اسے وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کا موقع دیاگیا تھا لیکن وہ زخمی ہونے کی وجہ سے اپنی شرکت کو یادگار نہ بنا سکی حالانکہ یہ واضح نظر آرہا تھا کہ وہ اپنی تجربہ کار حریف ماریا شاراپووا کو شکست دیں گی۔