دوبئی : اماراتی نیوز ایجنسی نے چہارشنبہ کو بتایا کہ اماراتی خوشبویات اور عود کی افتتاحی نمائش جمعہ کو شروع ہو گئی جس میں 500 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی برانڈز موجود ہیں۔ شارجہ میں 14 اکتوبر تک جاری رہنے والی یہ تقریب سرکردہ صنعت کاروں، تاجروں اور پرفیوم کے شائقین کو ایک فورم فراہم کرے گی تاکہ وہ خوشبو کی صنعت میں علم اور تجربات کا تبادلہ کریں۔یہ مختلف نوع کے اعلیٰ درجے کے عرب پرفیوم اور عود پر خصوصی سودے بھی پیش کرے گی۔ایکسپو سنٹر شارجہ کے چیئرمین عبداللہ سلطان ال اویس نے کہاکہ خوشبویات کی فروغ پزیر صنعت خطے میں شاندار نشوونما کے تجربے سے گذر رہی ہے اور یہ نمائش بلاشبہ اس صنعت میں مواقع تلاش کرنے والے تاجروں، صنعت کاروں، نوجوان کاروباری افراد اور ماہرین کے ایک متنوع دائرہ کار کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ایکسپو سینٹر شارجہ کے سی ای او سیف محمد المدفا نے کہا کہ یہ تقریب صنعت کی روایات اور عرب ثقافتوں کے ساتھ تعلق کو نمایاں کرے گی۔