شارجہ۔شارجہ پولیس کی جنرل کمان کے حوالے سے مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ایک بیس سالہ عرب دوشیزہ لبنیٰ منصور کو شارجہ میں چھرا گھونپ کر ہلاک کر دیا گیا۔پولیس نے مبینہ قاتل کو دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ چھرے کے پے در پے واروں سے چھلنی لبنیٰ منصور کی نعش گاڑی سے برآمد ہوئی۔لبنیٰ منصور کے گھر کے باہر پارکنگ ایریا میں لگے خفیہ مانیٹرنگ کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے ملزم کی شناخت کی گئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم لبنیٰ منصور پر چاقو کے پہ در پہ وار کر رہا ہے۔ بعد ازاں فوٹیج ہی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کار سے باہر نکلتے ہوئے دوشیزہ کی نعش ساتھ لے جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کی کوشش میں ملزم واردات کے بعد سمندر کنارے چلا گیا، جہاں سے حکام نے اسے حراست میں لیا۔ملزم نے ذاتی اختلاف کو بنیاد بتا کر دوشیرہ کو قتل کرنے کی بھیانک واردات کا اعتراف کر لیا ہے، جس کے بعد اسے مقدمہ کی کارروائی کے لیے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔