شارجہ میں نئے سال کی تقریبات پر پابندی

   

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے نئے سال کے موقع پر آتش بازی اور تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق آتش بازی اور تقریبات پر پابندی کے حوالے سے شارجہ پولیس نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد غزہ کی پٹی کے بھائیوں کے ساتھ حقیقی یکجہتی اور تعاون کا اظہار کرنا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شارجہ پولیس نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعاون کریں اور پابندی پر عمل کریں۔پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔رپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی حملوں میں تقریباً 21 ہزار افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔