وارانسی: سابق مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ دنیا کے سماجی مسائل پر مبنی شارٹ فلموں نے کرشماتی کامیابی حاصل کی ہے ۔ نقوی نے کہا کہ مختصر فلمیں دہشت گردی، جنگ، عدم برداشت، منشیات مافیا، نسلی تشدد، سائبر کرائمز اور انسانی اقدار کے خطرے اور چیلنج کے خلاف بہترین برانڈ ایمبیسیڈر ثابت ہو سکتی ہیں۔ثقافتی سیاحت اور مختصر فلموں کو فروغ دینے کے مقصد سے آج وارانسی میں اترپردیش حکومت اور انڈین انفوٹینمنٹ میڈیا کارپوریشن کے زیر اہتمام دنیا بھر کے 115 ممالک کی 3212 فلموں کے ’’انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول‘‘ کے افتتاح پر نقوی نے کہا کہ فنکارانہ فلمیں اور مختصر فلمیں سماجی، اقتصادی، ماحولیات، سیاحت، انسانی حقوق، عدم برداشت، دہشت گردی، جمہوری اقدار، تعلیم، صحت، خواتین کے حقوق اور دیگر اہم موضوعات پر سبق آموز پیغامات پہنچاتی ہیں۔