شاستری پورم تا وٹے پلی حیڈرا کی کارروائی

   

فٹ پاتھس پر قبضہ جات اور شیڈس کا انہدام
حیدرآباد۔10۔نومبر(سیاست نیوز) ’حیدرا‘ نے گذشتہ یوم کی گئی کاروائیوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں شاستری پورم سے وٹے پلی جانے والی سڑک کے علاوہ فلم نگر جوبلی ہلز میں غیر قانونی قبضہ جات پر بلڈوزر چلاتے ہوئے انہیں برخواست کرنے کے اقدامات کئے اور ان علاقو ںمیں فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے ساتھ ساتھ دکانات کے آگے لگائے جانے والے شیڈس کو بھی منہدم کردیا گیا ۔فٹ پاتھس پر قبضوں کی وجہ سے ٹریفک میں خلل کے علاوہ خوبصورتی بھی متاثر ہورہی ہے ۔کمشنر ’حیدرا‘ نے ٹریفک پولیس کے تعاون سے شہر کے مختلف مقامات پر فٹ پاتھ پر کئے جانے والے قبضہ جات کی نشاندہی کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ آئندہ دنوں میں دونوں شہروں کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کو بہتر بنانے کے اقدامات کے طور پر یہ کاروائی انجام دی جاسکے ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اور ’حیدرا‘ کے عہدیداروں کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں موجود فٹ پاتھ قابضین کے خلاف کاروائی اور سڑکوں کے بجائے پیدل راہروؤں کو فٹ پاتھ کے استعمال کی ترغیب دینے کی خصوصی مہم کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے تاکہ پیدل راہروؤں میں فٹ پاتھ کے استعمال کے شعور کو بڑھاتے ہوئے فٹ پاتھ کو قابل استعمال بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔بتایاجاتا ہے کہ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں اور انہیں موصول ہونے والی شکایات کے متعلق واقف کرواتے ہوئے ان شکایات کا جائزہ لینے کی تاکید کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان شکایات کا جائزہ لیئے جانے کے بعد ’حیدرا‘ کی جانب سے بڑے پیمانے پر فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی عمل میں لائی جائے گی۔3