بنگلورو۔ ویرات کوہلی نے اپنے سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری اور انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کو مجوزہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں انکی جگہ پرکامنٹری کے دوران ہونے والی بحث پر تنقید کی۔ کوہلی نے پیرکی رات ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو(آر سی بی) کے لیے پنجاب کنگز کے خلاف 11 چوکے اور دو چھکے مارکر تیز رفتار77 رنزکا تعاون کیا اور دنیش کارتک نے اننگزکے آخری مرحلے میں 10گیندوں پر 28 رنز بنائے اور آر سی بی نے آخری اوور میں 4 وکٹوں سے سنسنی خیز جیت حاصل کی۔ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا اور ٹورنمنٹ میں دو میچوں کے بعد 98 رنزکے ساتھ اورنج کیپ بھی ملی۔ میچ کے بعد اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے، 35 سالہ کوہلی نے کہا میں جانتا ہوں کہ میرا نام دنیا کے بہت سے حصوں میں صرف کھیل کو فروغ دینے سے جڑا ہوا ہے جب بات ٹی20 کرکٹ کی ہو تو مجھے لگتا ہے کہ اب بھی میری جگہ موجود ہے۔ کوہلی کا یہ بیان ہندوستان کے ٹی20 اسکواڈ میں ان کی شمولیت سے متعلق بحث سے متعلق ہے۔ اتوارکو آئی پی ایل 2024 کے میچ میں اپنے کمنٹری کے دوران پیٹرسن نے ریمارکس دیئے کہ ورلڈ کپ امریکہ میں ہو رہا ہے، ہندوستان نیویارک میں پاکستان کے خلاف کھیل رہا ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ ویراٹ کوہلی جیسا کوئی شخص کھیل کو آگے بڑھانے میں مدد کرے۔ پیٹرسن کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شاستری نے کہاآپ کو ٹورنمنٹ اور ٹرافی جیتنے کے لیے ٹیم بنانا ہوگی، کھیل کو بڑھانے کے لیے نہیں۔ اگر آپ ٹرافی جیتیں گے تو خود بخود کھیل بڑھے گا۔ان بیانات کے خلاف کوہلی کے مظاہرے اصل جواب ثابت ہوئے ۔ یاد رہے کہ آر سی بی کا اگلا میچ جمعہ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف ہوگا۔