برلن ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شامی صدر بشار الاسد کی حکومت سے منسلک دو افراد کے خلاف جرمنی میں آج سے عدالتی کارروائی شروع ہو رہی ہے۔ ایک مشتبہ فرد پر الزام ہے کہ وہ سابق انٹیلیجنس آفیسر تھا اور اس نے دمشق کی جیلوں میں ہزارہا قیدیوں کے ساتھ سفاکانہ سلوک روا رکھا۔ دوسرے ملزم کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اس نے ہزاروں مظاہرین کو پکڑوانے میں مدد فراہم کی۔ جرمن اٹارنی جنرل کے مطابق یہ پوری دنیا میں اسد انتظامیہ کے ارکان کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا اولین کیس ہے۔ یہ عدالتی سماعت جرمن شہر کوبلینز کی ایک عدالت میں جاری ہے۔