شامی سلوا کے بیان پر پاکستان ناراض

   

کراچی ۔14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں سیکیورٹی اور مہمان نوازی سے متعلق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر کے بیان پر مایوسی اور ناراضگی کا اظہارکیا۔خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم نے 3 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لئے 24 ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی۔ ٹیم کی پاکستان میں سیکیورٹی اور نقل و حمل سے متعلق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کولمبو میں بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں تاہم زیادہ سیکیورٹی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت بھی بند ہوجاتی ہے۔ شامی سلوا نے کہا کہ انہوں نے ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا، وہاں 4 سے 5 دن گزارے لیکن سخت سیکیورٹی کی وجہ سے صرف ہوٹل میں محدود رہنے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے ٹیم کو بطور یونٹ رہنے کا موقع ملا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بہترین نتائج سامنے آئے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا کہ دسمبر میں پاکستان میں ٹسٹ میچوں کی سیریز سے متعلق پہلے کھلاڑیوں سے مشورہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عہدیداران سے رابطہ کیا گیا اور انہیں تمام معاملات اور صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ مہمان ٹیم کو دورے کے دوران ان کے بورڈ کی درخواست پر صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی جبکہ مہمان کھلاڑیوں کو کراچی اور لاہور میں گولف کھیلنے اور شاپنگ کرنے کی بھی پیشکش کی گئی۔ پی سی بی کے مطابق دونوں شہروں میں ٹیم اور عملہ کے لیے عشائیوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا جبکہ اپنے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے پروگرام کو ترتیب دینے کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا لیکن سری لنکن بورڈ نے پی سی بی کی تمام پیشکش اور دعوتوں کو ٹھکرادیا تھا۔