دمشق ۔ شام میں چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہونے والے بشارالاسد کی جیت کے جشن کی تقریب کے دوران فائرنگ سے کم از کم 2 افراد ہلاک اور 317 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ہلاکتیں دارالحکومت دمشق اور حلب کے کئی علاقوں میں صدر اسد کے حامی کارکنوں کی طرف سے کی گئی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئیں۔ حلب میں ہلاک ہونے والوں میں ایک نوجوان اور ایک بچہ شامل ہے۔ شامی صدارتی انتخابات میں صدر بشار الاسد چوتھی مرتبہ 95 فیصد سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ہیں۔ تاہم شامی اپوزیشن جماعتوں سمیت امریکہ، فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے انتخابات کو دھوکا بازی قرار دیا ہے۔