شامی عبوری صدر کا احتساب کا حلف

   

دمشق: شام کے عبوری صدر احمد الشارع نے ساحلی علاقے میں حالیہ تشدد کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا عزم ظاہر کیا ہے ، انہوں نے سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا۔احمد الشارع نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں لاذقیہ اور طرطوس صوبوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے قتل کی مذمت کی۔ انہوں نے زوال پذیر حکومت کے باقی ماندہ اور ان کے غیر ملکی حامیوں کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ جرائم میں ملوث تمام افراد کو بغیر کسی رعایت کے انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔ الشارع نے شام کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کی، غیر ملکی مداخلت یا اندرونی تنازعات کے خلاف وارننگ دی۔انہوں نے کہا کہ شام اپنے عوام کی مرضی اور اپنی فوج کی طاقت کے ساتھ متحد رہے گا۔ دریں اثنا، الشارع نے سول امن کیلئے ایک اعلیٰ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا، جس کا کام ساحلی علاقے میں کمیونٹیز سے براہ راست رابطہ کرنا، ان کے خدشات کو دور کرنا اور استحکام کو یقینی بنانا ہے ۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے غیر جنگجوؤں کے قتل کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں خواتین اوربچوں سمیت پورے خاندانوں کے مارے جانے کی انتہائی پریشان کن اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔