شامی فوج کی پیش قدمی جاری ، مزید قصبوں پر کنٹرول

   

Ferty9 Clinic

بیروت ۔ 26 ۔فروری (سیاست ڈاٹ کام ) شام میں بشار الاسد کی فوج نے ادلب اور حلب کے دیہی علاقوں میں اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بدھ کے روز تک 60 گھنٹوں سے بھی کم دورانیے میں اس نے 30 دیہات اور قصبوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق بشار کی فوج نے ادلب صوبے کے جنوبی دیہی علاقے میں شامی جنگجو گروپوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد حزارین، یورہ، سحاب، دیرسنبل اور ترملا کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔اس طرح گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بشار کی فوج نے 24 دیہات پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ المرصد کے مطابق ادلب کے دیہی علاقے میں روسی طیاروں کی فضائی بم باری سے ترکی کے ہمنوا گروپوں کے 5 ارکان جاں بحق ہو گئے۔اس سے قبل منگل کے روز سراقب شہر کے مغرب میں بشار کی فوج اور مسلح شامی گروپوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران بھرپور زمینی گولہ باری اور فضائی بم باری دیکھنے میں آئی۔ترکی کی فوج اور شامی اپوزیشن گروپوں کے ذمہ داران نے منگل کے روز اعلان میں کہا تھا کہ ترکی کے حمایت یافتہ گروپوں نے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں النیرب کے قصبے پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ صوبے میں پیش قدمی کرنے والی بشار کی فوج سے واپس لیا جانے والا پہلا علاقہ ہے۔ ترکی کی فوج نے گولہ باری کے ذریعے اپوزیشن گروپوں کے حملے میں معاونت کی۔ بم ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور اپوزیشن کے جنگجو اس وقت ادلب شہر سے 20 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع قصبے النیرب کی تطہیر میں مصروف ہیں۔