قزل جوق (شام ) 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شامی کردوں نے آج ان 25 خواتین اور بچوں کو واپس کردیا ہے جو عراق کی یزیدی برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہیں داعش کے خلاف آحری مرحلہ کی کارروائی کے دوران رہا کیا گیا تھا ۔ ایک مقامی عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ امریکی تائید والے شامی کردوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریبا 300 یزیدی خواتین اور بچوں کو آئی ایس کے خلاف کارروائی کے دوران بچالیا ہے ۔ اس علاقہ میں آئی ایس کا آحری گڑھ ہے ۔ کردش گروپ یزیدی ہاوز کے ایک عہدیدار زیاد رستم نے کہا کہ آج ہم نے زائد از 25 افراد کو سنجار میں یزیدی کونسل کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان میں 10 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ یزیدی کونسل کی جانب سے یزیدی بچوں کو ان کے زندہ رشتہ داروں کے حوالے کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کو بھی ان کے خاندانوں تک واپس بھیج دیا جائیگا ۔ یزیدی ہاوز ہیڈ کوارٹرس پر خواتین اور بچے جمع ہوگئے تھے جنہیں بسوں میں بٹھا کر سنجار واپس بھیجا جارہا تھا ۔ ایک 17 سالہ لڑکی جمیلہ حیدر نے کہا کہ اس کی مزید تین بہنیں تھیں اور ابھی انہیں اپنی بہنوں کے حشر کا کوئی پتہ نہیں چل رکا ہے ۔ وہ ان کے بارے میں کچھ نہیں جانتیں۔ تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد وہ ان سے مل پائیں گی ۔