شام سے امریکی فوج کے تخلیہ کا آغاز

   

بیروت ۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی قیادت والے فوجی اتحاد نے شام سے تخلیہ کا عمل شروع کردیا ہے۔ ایک ترجمان نے جمعہ کے روز یہ بات بتائی جبکہ فوج کا محل وقوع اور نظام الاوقات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ ترجمان کرنل شین ریان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا CJTF-OIR نے شام سے فوج کی تخلیہ کا عمل شروع کردیا ہے۔ ان کا اشارہ جہادیوں کے خلاف لڑائی لڑنے والی امریکی قیادت والی اتحادی فوج کی جانب تھا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشنل سیکوریٹی کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم فی الحال فوج کے محل وقوع، نظام الاوقات اور حرکات و سکنات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ دوسری طرف سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق ارملین ایئرفیلڈ سے فوج نے تخلیہ شروع کردیا ہے جو شمال مشرقی صوبہ حساکیہہ میں واقع ہے۔ رامی عبدالرحمن نے توثیق کی کہ کچھ امریکی فوجی رملین ملٹری بیس خالی کررہے ہیں۔ یاد رہیکہ گذشتہ ماہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجیوں کے مکمل تخلیہ کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد فوج کے تخلیہ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ شام میں امریکہ کے 2000 فوجی موجود ہیں۔ اس فیصلہ کے بعد ٹرمپ کو خود ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین کی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔