واشنگٹن۔ 24 مئی (یو این آئی) امریکہ نے شام پر عائد پابندیاں باضابطہ طور پر اٹھا لیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز شام پر سے امریکی پابندیاں باضابطہ اٹھائے جانے کا آغاز ہو گیا، عائد پابندیوں میں 180 دن کی چھوٹ دے دی گئی۔امریکی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ شام کو مستحکم ملک بننے کے لیے کام جاری رکھنا چاہیے ، امریکی اقدامات سیریا کو استحکام اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ شام پر عائد پابندیوں میں 180 دن کی چھوٹ دے دی گئی ہے ، انھوں نے کہا کہ پابندیاں اٹھانا امریکہ اور شام کے تعلقات بحالی کی جانب پہلا قدم ہے ۔دریں اثنا، امریکی محکمہ خارجہ نے 2019 کے قانون ‘سیزر سیریا سویلین پروٹیکشن ایکٹ’ کی چھوٹ بھی جاری کی ہے ، جس کا مقصد امریکہ کے غیر ملکی شراکت داروں، اتحادیوں اور خطہ کے لیے شام کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی راہ ہموار کرنا ہے ۔اپنے بیان میں سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ چھوٹ بجلی، توانائی، پانی اور سینیٹیشن کی فراہمی میں سہولت مہیا کرے گی، اور پورے شام میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیادہ مؤثر اقدامات ممکن ہو سکیں گے ۔