واشنگٹن : امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے شام میں داعش کے رہنما کے خلاف کیے گئے امریکی فوجی آپریشن کے دوران شہری ہلاکتوں کی تعداد اب تک کے اندازے سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم ان حکام کے مطابق ان ہلاکتوں کی وجہ عسکریت پسندوں کے خودکش بم دھماکے ہیں، نہ کہ امریکی فوج۔ امریکی اسپیشل فورسز کی جانب سے داعش کے رہنما ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کے خلاف حالیہ آپریشن کی تفصیلات جمعرات کے روز بتائی گئیں۔ امریکی فوج کے مطابق ترک سرحد کے قریب ایک گاؤں میں اس آپریشن کے دوران داعش کے لیڈر نے ایک بم دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے اہل خانہ مارے گئے۔ اس سے قبل امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس دوران ابو ابراہیم، ان کی اہلیہ اور دو بچے بھی ہلاک ہوئے۔ اب تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں اس وقت ممکنہ طور پر مزید افراد بھی موجود ہو سکتے تھے۔