دمشق، 5 اکتوبر (یو این آئی) شام میں صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد آج پہلی بار پارلیمانی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ ملک شام کی 210 رکنی پارلیمنٹ میں 140 ارکان کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ 70 کی تقرری صدر کریں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ جولائی کے آخر میں شام کے عبوری صدر احمد الشرع کو عبوری انتخابی نظام کا حتمی مسودہ موصول ہوا، جس میں اہم تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اس کے بعد پارلیمانی نشستوں کی تعداد 150 سے بڑھا کر 210 کی گئی، جن میں کم از کم 20 فیصد سیٹیں خواتین کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ جنوبی شامی صوبے السویدا میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران الشرع نے 15 ستمبر کے لیے مقررہ انتخابات ملتوی کر دیے تھے ۔ شام میں پچھلے پارلیمانی انتخابات 15 جولائی 2024 کو ہوئے تھے ، اس وقت بشار الاسد صدر تھے ۔ جنوری 2025 کے آخر میں نئی شامی انتظامیہ نے پیپلز اسمبلی کو تحلیل کر دیا تھا۔ تب سے ملک میں انتظامی امور عبوری حکومت سنبھال رہی تھی۔