ماسکو : روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا کہ شام میں جامع حل تک پہنچنے اور علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے لیے ترکیہ اور شام کے درمیان تعلقات کا معمول پر آنا بہت اہم ہے۔زاخارووا نے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ترکیہ اور شام کے تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل پر اپنے جائزے پیش کیے۔اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ترکیہ نے حال ہی میں اس عمل کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، زاخارووا نے کہا، ” ترک صدر رجب طیب ایردوان سمیت ترکیہ سے اس چیز کے لیے تیار ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔ ہم اس رجحان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں فریقین کی طرف سے اس سمت میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔”انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ اور شام کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا شام میں ایک جامع حل تک پہنچنے اور علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، “لہذا، ہم اپنے شراکت داروں کو ہر ممکنہ طریقے سے رابطے برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔”