شام میں روسی فوجی اڈے پر کار بم حملہ، 8 افرادہلاک

   

دمشق : شام میں ایک روسی فوجی اڈے پر کار بم حملے میں 8 افراد مارے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ حملہ گزشتہ روز شام کے شمال مشرقی صوبے رقہ میں تل السمن نامی گاؤں میں کیا گیا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق بشارالاسد کے اتحادی روس کے فوجی اڈے پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔ شامی مبصر کے مطابق 2افراد نے بارود سے لدا پک اپ ٹرک فوجی اڈے کے ساتھ کھڑا کیا تھا اور اس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 حملہ آوروں نے اس فوجی اڈے پر دھاوا بولا اور بارود سے لدی گاڑی احاطے میں داخل کرنے کی کوشش کی، تاہم روسی فوج نے اسے باہر ہی اڑا دیا۔ اس دوران حملہ آوروں اور روسی فوج میں شدید جھڑپ ہوئی، جس میں پانچوں جنگجو اور 3 روسی فوجی مارے گئے، جب کہ کئی زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمے داری القاعدہ سے وابستہ سمجھی جانے والی حراس الدین نامی تنظیم نے قبول کی ہے۔ حملے کے بعد روسی فوج کی بھاری کمک نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ خیال رہے کہ حراس الدین کے جنگجو شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں موجود ہیں، لیکن انہوں نے صوبہ رقہ سے باہر ماضی میں کم ہی اس طرح کی جنگی کارروائیاں کی ہیں۔