شام میں پارلیمانی انتخابات کا آغاز

   

دمشق: شام میں انتخابات کے لیے سپریم جوڈیشل کمیٹی نے پیر کو پپلز اسمبلی کی چوتھی قانون سازی کی مدت کے لیے ووٹنگ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:00 بجے شروع ہوگی اور حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں کل ملاکر 8,151 پولنگ اسٹیشنوں میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔ ایک روزہ الیکشن میں عوامی اسمبلی کی 250 نشستوں کے لیے 1516 امیدوار قسمت آزمائی کے لیے میدان میں اترے ہیں۔ 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کا ہر شہری اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے گا۔ سپریم جوڈیشل کمیٹی کے چیئرمین جسٹس جہاد مراد نے ایک بیان میں کہا کہ بیلٹ بکس کا کھلنا “اہم جمہوری عمل” کا آغاز ہے ۔ جسٹس مراد نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کا خاکہ پیش کیا، جو امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ میڈیا اہلکاروں کی موجودگی میں ہر پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس بند ہونے کے فوراً بعد شروع ہوگا۔ گنتی مکمل ہونے پر سپریم جوڈیشل کمیٹی فوری طور پر حتمی نتائج کا اعلان کرے گی۔ شام کے پارلیمانی انتخابات ہر چار سال بعد ہوتے ہیں۔ جسے پیپلز اسمبلی انتخابات بھی کہا جاتا ہے ۔ پپلز اسمبلی شام کی قانون سازی کی اتھارٹی ہے جو مخلوط انتخابی نظام کے ذریعے منتخب ہونے والے 250 ارکان پر مشتمل ہے ۔ انتخابات میں امیدوار عام طور پر مختلف سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں، جن میں سے زیادہ تر حکمران بعث پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تاریخی طور پر ان انتخابات میں بعث پارٹی کا غلبہ رہا ہے جو 1963 سے شام میں برسراقتدار ہے ۔