دمشق، 17 اگست (یو این آئی) شام کے مغربی دمشق میں میزہ قومی شاہراہ پر گولڈن میزے ہوٹل کے قریب ہفتہ کی رات ایک کار بم دھماکہ ہوا۔ صنا نے دمشق پولیس کے سربراہ اسامہ محمد خیر اتکے کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ راجدھا نی کے مختلف حصوں میں سنا گیا حالانکہ اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد آسٹن کی ایک پرانی کار میں نصب کیا گیا تھا جو اس علاقے میں کافی دیر سے کھڑی تھی۔سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق علاقائی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں جبکہ خصوصی یونٹوں نے مقامی افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے اور تخریب کاری کی کسی بھی ممکنہ کوشش کو روکنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا ہے۔ دھماکے سے مقامی لوگوں میں تھوڑی دیر کیلئے خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے ۔