دمشق۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شام کے طیارہ شکن دفاعی نظام نے چہارشنبہ کو اسرائیلی جنگی طیاروں سے داغے گئے میزائلس کو مارگرایا۔ ثناء خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق شہر کے علاقوں کو نشانہ بنایا تھا اور کئی میزائلس داغے تھے۔ اس وقت مقامی وقت کے مطابق رات کے 1:20 بجے تھے۔ خبر رساں ایجنسی سے ایک فوجی ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شامی فوج نے اسرائیلی میزائلس کی پیشرفت کو روکا اور ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے متعدد میزائلس کو ان کے نشانہ پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا جس سے دمشق شہر کے علاوہ اطراف و اکناف کے چھوٹے مستقروں میں بھی زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ یہ حملے لبنانی اور فلسطینی سرحدوں سے کئے گئے تھے کیوں کہ اسرائیل کبھی کبھی شام پر اس وقت حملے کرتا ہے جب اس کے جنگی طیارے پڑوسی ملک لبنان کی فضائی حدود سے گزرتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ 2011ء سے شام میں شروع ہوئی جنگ کے بعد اسرائیل نے شام ملک پر سینکڑوں حملے کئے ہیں جس کے لیے استدلال یہ پیش کیا کہ وہ (اسرائیل) ایران اور حزب اللہ کو نشانہ بنارہا ہے۔
