طرابلس ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شامی اپوزیشن کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں سے دارالحکومت دمشق کے نواح میں ایک فوجی مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تین شامی فوجی اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے چار اراکین ہیں۔ فوجی مقام شامی دارالحکومت کے ہوائی اڈے کے علاقے میں واقع تھا۔ اسرائیلی فوج یا حکومت نے اس مبینہ حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ دوسری جانب دمشق حکومت کا بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس کی بھی وضاحت بھی نہیں کی گئی کہ جس مقام پر میزائل حملہ کیا گیا، وہاں کس نوعیت کی فوجی سرگرمیاں جاری تھیں۔