انقرہ ۔ 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے منگل کے روز ایک انتباہی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی ثالثی کے ذریعہ کئے گئے ایک معاہدہ کے مطابق کرد جنگجوؤں کا مکمل طور پر انخلاء نہیں ہوا تو وہ شام میں مزید بلند عزائم کے ساتھ ایک بار پھر فوجی کارروائی کریں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کیلئے روانہ ہونے سے قبل ایرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہم سے جو وعدہ کیا ہے اسے اگر وفا نہ کیا گیا تو ہم اپنا آپریشن دوبارہ وہیں سے شروع کردیں گے جہاں سے روکا تھا اور اس بار ہمارے عزائم مزید بلند ہوں گے۔
