شام چھ بجے کے بعد لاک ڈاؤن میں سختی

   

بلاوجہ نکلنے پر مقدمات، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار
حیدرآباد : سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے کہاکہ شام 6 بجے کے بعد گھروں سے بلاوجہ نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور بغیر کسی اشد ضرورت کے اپنے مکانوں سے باہر نہ آئیں اور پولیس کارروائی کا شکار نہ بنیں۔ انھوں نے لاک ڈاؤن میں توسیع اور نرمی کے کابینہ کے فیصلے کے پہلے دن آج مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ہائی ٹیک سٹی، سائبر ٹاور، کوکٹ پلی، جے این ٹی یو چیک پوسٹ، وائی جنکشن، بالا نگر اور صنعت نگر کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن عمل آوری کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہاکہ شام 6 بجے تا صبح 6 بجے تک کسی بھی قسم کی کارروائی اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ 12 مئی تا 10 جون 6 بجے تک سائبرآباد حدود میں جملہ 60868 مقدمات درج کئے گئے جن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے 44485 جبکہ ماسک نہ لگانے اور ماسک کا درست انداز میں استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف 4394 مقدمات درج ہوئے۔ سماجی فاصلہ کی خلاف ورزی پر 1554، ہجوم کو جمع کرنے کے خلاف 711 مقدمات درج ہوئے جبکہ 2400 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔