شام کا حلب ہوائی اڈہ پروازوں کیلئے بند

   

Ferty9 Clinic

دمشق : 7 جنوری ( ایجنسیز ) شام نے، YPG دہشتگرد گروہ کی زیرِ قیادت شامی جمہوری فورسز SDF کے حملوں کے بعد، حلب بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کر دی ہے۔سول ایوی ایشن مرکزی دفترنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مسافروں، پرواز کے عملے اور ہوائی اڈے کی کارروائیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پروازوں کی آمد و رفت کو فوری طور پر 24 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔دفتر نے مزید کہا ہے کہ،متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط شکل میں تکنیکی و حفاظتی جائزے مکمل ہونے تک، پروازوں کی بندش کے دوران طے شدہ تمام پروازیں دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اْتریں گی اور وہیں سے پرواز کریں گی۔ایوی ایشن اتھارٹی نے اس فیصلے کو “احتیاطی اور عارضی” قرار دیا اور کہا ہے کہ معطلی کی مدت ختم ہونے یا کوئی نئی صورتحال پیدا ہونے پر مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرواز کی تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کریں۔یہ معطلی منگل کو حلب میں ہونے والے اْن حملوں کے بعد نافذ کی گئی ہے جن کی ذمہ داری شامی حکام نے YPG دہشتگرد گروہ کی زیرِ قیادت شامی جمہوری فورسز SDF پر عائد کی تھی۔سرکاری بیانات کے مطابق حملوں میں ایک شامی فوجی اور ایک بچے سمیت چار عام شہری ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ SDF پر YPG کا غلبہ ہے اور وائے پی جی کو شام اور ترکیہ دونوں PKK دہشتگرد تنظیم کی شامی شاخ قرار دیتے ہیں۔