شام کی حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، زاید کا الشرع کو تیقن

   

ابوظہبی: امارات نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور شام کے صدر احمد الشرع ، جو ابوظہبی کے دورے پر ہیں، نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اسی دوران شیخ محمد بن زاید نے شامی صدر احمد الشرع سے کہا کہ شام کا استحکام اور بہتر سکیورٹی پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات آنے والے عرصے میں شام اور اس کے لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور موضوعات کا جائزہ لیا اور ان پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں شیخ محمد بن زاید نے ابو ظبی کے الشاطی محل میں صدر احمد الشرع کا استقبال کیا۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شام کے صدر احمد الشرع اس سے قبل ابوظبی پہنچے تھے اور البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید ال نھیان اور متعدد اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔