دمشق، 24 اگست (یو این آئی) شام کی سپریم کمیٹی برائے پارلیمانی انتخابات نے ہفتے کے روز اہم اعلان کیا ہے ، کمیٹی نے شام میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سویدا، حسقہ اور رقہ صوبوں میں ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔کمیٹی نے کہا کہ ان صوبوں میں انتخابات اس وقت تک ملتوی کیے جائیں گے ، جب تک کہ مناسب حالات اور محفوظ ماحول میسر نہیں ہو جاتا۔ نیز کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ان صوبوں کیلئے مختص پارلیمانی نشستیں ووٹنگ ہونے تک محفوظ رہیں گی۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں سویدا میں پرتشدد فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئی ہیں، جب کہ حسقہ اور رقہ حریف مسلح گروپوں کی موجودگی اور سکیورٹی خطرات کی وجہ سے غیر مستحکم ہیں۔ کمیٹی نے آئندہ انتخابات کی نگرانی کیلئے صوبائی مانیٹرنگ کمیٹیاں بنانے کا بھی اعلان کیا۔ 2024 کے اواخر میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا۔ شام کی پارلیمنٹ جس کی کل 250 نشستیں ہیں، روایتی طور پر حکومت کے حامی دھڑوں کا غلبہ رہا ہے ۔ عبوری عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات کا مقصد زیادہ جامع اور تکثیری سیاسی عمل کی طرف لے جانا ہے ۔ شام کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالقادر الحصریہ نے ہفتے کے روز سرکاری خبر رساں ایجنسی صنعا کو بتایا کہ ملک بڑے پیمانے پر مانیٹری اور مالیاتی اصلاحات کے منصوبے کے حصے کے طور پر نئے بینک نوٹ جاری کرے گا، حالانکہ انہوں نے جاری کرنے کی کوئی تاریخ نہیں بتائی۔