شام کے دفاعی حکام کا تمام مسلح گروپس کو ضم کرنے کا اعلان

   

دمشق، 18 مئی (یو این آئی) شام کے دفاعی حکام نے ہفتہ کی دیر رات تمام مسلح یونٹوں کو قومی دفاعی ڈھانچے میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ شام کے دفاعی حکام کے سربراہ مرھف ابوقصرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کے مختلف عسکری دھڑوں کو انٹیگریٹڈ کمانڈ کے تحت لانے کے لیے مہینوں کی مربوط کوششوں کے بعد اب تمام فوجی یونٹوں کو وزارت دفاع کے تحت ضم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “شام کی آزادی کے بعد، ہم نے تمام فوجی یونٹوں کو ایک ادارہ جاتی ڈھانچے میں لانے کا کام شروع کیا اور آج ہم اپنے معزز شہریوں کو یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں کہ یہ انضمام مکمل ہو گیا ہے ۔ اعلان میں کہا گیا کہ یہ انضمام تمام رینک میں تعاون اور نظم و ضبط کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔ دفاعی حکام نے حکم دیا ہے کہ جو چھوٹے آزاد مسلح گروپ بچے ہیں، وہ اگلے 10 دنوں کے اندر انضمام کا عمل مکمل کریں۔ اعلان میں خبردار کیا گیا کہ تاخیر کی صورت میں شامی قانون کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “انضمام اور یونین سازی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے یہ حتمی قدم ضروری ہے ۔ ضوابط کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔