شام کے فوجی ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملہ، دوافراد ہلاک

   

اسرائیل نے شام کے صوبے حمص میں “تیفور” کے فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ بات ’’العربہ‘‘ اور ’’الحدث‘‘ کے نمائندے نے چہارشنبہ کی شب بتائی۔شامی حکومت کے میڈیا کے مطابق شام کے فضائی دفاعی نظام نے مذکورہ ہوائی اڈے کی سمت داغے جانے والے اسرائیلی میزائلوں کا راستہ روکا اور ان میں زیادہ تر حمص صوبے میں گرے۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شامی عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملوں میں صرف مادی نقصان ہوا۔ ادھر روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوجی ترجمان نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔میزائلوں کا یہ حملہ اسرائیل کی اس بمباری کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں شامی فورسز کے ہمنوا 10 جنگجو مارے گئے تھے۔ یہ بات شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے بتائی۔ اس سے قبل دمشق حکومت نے پیر کی شب تاخیر سے اعلان کیا تھا کہ جنوبی علاقے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور سات شامی فوجی زخمی ہو گئے۔المرصد کے مطابق بم باری میں دمشق کے جنوب مغرب میں شامی افواج کے ٹھکانوں اور درعا کے شمالی دیہی علاقے میں شامی فوج کے ہمنوا گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان گروپوں میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ شامل ہے۔