شام کے مظلومین اور مصیبت زدگان کو مختلف تنظیموں کا فراخدلانہ تعاون

   

ادارہ سیاست کے ریلیف کیمپ میں مختلف اشیاء سے امداد، عنقریب شام روانہ

حیدرآباد۔19فروری(سیاست نیوز) ادارہ ٔ سیاست کی جانب سے ملک شام کے مظلومین و مصیبت زدگان کے لئے وصول کی جارہی امداد میں شہریوں کے علاوہ مختلف تنظیموں کی جانب سے فراخدلانہ تعاون کیا جانے لگا ہے اور کئی ٹن اشیاء موصول ہونے لگے ہیں جنہیں جلد ہی ادارۂ سیاست کی جانب سے دہلی میں موجود شامی سفارت خانہ کے لئے روانہ کردیا جائے گا ‘ جہاں سے سفارت خانہ کے عہدیدار زلزلہ سے متاثرہ شہریوں کی راحت کے لئے یہ اشیاء روانہ کردیں گے۔ شہر حیدرآباد میں عوام کی سہولت کے لئے قلب شہر میں واقع حج ہاؤز نامپلی سے متصل زیر تعمیر عمارت کی پہلی منزل پر ان اشیاء کی وصولی کے لئے مرکز کا قیام عمل میں لایاگیا ہے اور شہریوں کی جانب سے مسلسل زلزلہ کے متاثرین کی مدد کے لئے اشیاء کی روانگی کا عمل جاری ہے۔ دفتری اوقات کے مطابق دن میں 10 بجے تاشام 6بجے کے درمیان حج ہاؤز سے متصل اس عمارت میں ملک شام کے متاثرین کے لئے اشیاء کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ ذمہ داران سیاست نے بتایا کہ آئندہ دو یوم کے دوران موصول ہونے والی راحت کاری اشیاء کے ساتھ ہی پہلے مرحلہ کے امدادی اشیاء کی روانگی کے اقدامات کردئیے جائیں گے تاکہ جلد سے جلد راحت کاری اشیاء کو ملک شام پہنچایا جاسکے۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کی جانب سے ملک شام کے لئے کئی تنظیموں نے اپنی امدادی اشیاء روانہ کرنے کے متعلق آگہی حاصل کی ہے اور آج ایس ایف بی فائونڈیشن کی جانب سے 51 کارٹن پر مشتمل مختلف اشیاء بشمول بچوں کے اشیائے تغذیہ اور دودھ کے پاؤڈر و دیگر اشیاء ادارہ سیاست کی جانب سے وصول کی جانے والی اس ریلیف میں جمع کروائے ۔صدر ایس ایف بی فاؤنڈیشن جناب سید ذیشان صابری نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ یہ کارٹن حج ہاؤز سے متصل امداد کی وصولی کے مرکز پر پہنچایا اور اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ان کے ادارہ کی جانب سے یہ امداد ملک شام کے متاثرین و مصیبت زدگان تک پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔م