شاندار واپسی کا خواہاں تھا :پانڈیا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 10 دسمبر (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی20 میں پلیئر آف دی میچ قرار پانے کے بعد آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا نے کہا ہے کہ اْن کی واپسی کا پورا مقصد خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط، بڑا اور بہتر ثابت کرنا تھا اور اب وہ ہر لمحے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوزہونا چاہتے ہیں۔ ایشیا کپ 2025 کی انجری کے بعد یہ ان کا پہلا میچ تھا اور انہوں نے ہر طرح کی فٹنس پر اٹھنے والے سوالات کا جواب ایک آل راؤنڈ شاندار کارکردگی سے دیا۔ انہوں نے گیندکے ساتھ 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ بیٹنگ میں ناقابلِ شکست 59 رنز بنا کر ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف 101 رنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس سے سیریز میں 1-0 کی برتری ملی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ویڈیو میں ہارڈک نے کہاآپ کو ایک راک اسٹار ہونا چاہیے، دس منٹ کی کارکردگی سے پورا میدان جھوم اْٹھے۔ یہی میری سب سے بڑی خواہش رہی ہے۔ زندگی نے میرے سامنے بہت سے مسائل کھڑے کیے، لیکن میں نے ہمیشہ انہیں موقع میں بدلا۔ میں نے ہمیشہ خود پر یقین رکھا ہے، کیونکہ اگر میں خود پر اعتماد نہیں رکھوں گا تو دوسرا کیسے رکھے گا؟ میرا ذہن صرف ایک بات پر تھاواپس آؤں تو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط، بڑا اور بہتر بن کر۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار میدان میں اترتے ہوئے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ شائقین ان کا انتظار کررہے تھے۔میں نے ہمیشہ ثابت قدمی دکھائی ہے اور وقار کے ساتھ چیزوں کا سامنا کیا ہے۔ اسی نے مجھے زیادہ پْراعتماد بنایا۔ زخم انسان کو ذہنی طور پر بھی آزماتے ہیں اور شک پیدا کرتے ہیں لیکن میں نے اپنے کھیل پر بھروسہ رکھا۔ میرے اپنے لوگوں نے میرا بہت ساتھ دیا ہے۔ خاص طور پر میری پارٹنروہ میری زندگی میں آئی تو بہت سی چیزیں بہتر ہونا شروع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ زندگی میں سچائی کو ترجیح دیتے آئے ہیں۔ میں چیزوں کو میٹھا کر کے پیش نہیں کرتا۔ میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کہ لوگ کیا سوچتے ہیں، میں وہ دیکھتا ہوں جو میں اندر سے محسوس کرتا ہوں۔ اب وقت ہے کہ میں صرف کرکٹ کھیلوں، ہر لمحے کا لطف اٹھاؤں، اور اپنی زندگی کا مقصد ایک ہی رکھوںمزید بڑی اور مزید بہتر کارکردگی۔پانڈیا نے بھی بہتر مظاہروں کا عزم ظاہر کیا ہے ۔