آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے مرکز سے ہرممکن تعاون کا تیقن ۔ تروپتی میں جلسہ سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
تروپتی 9 جون ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک کے عوام کو حکومت سے جو توقعات اور امیدیں ہیں وہ بڑھ گئی ہیں اور یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ ہندوستان کو اس کے نتیجہ میں مزید بہتر اور روشن بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدوں کا اظہار حالیہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج میں دیکھنے کو ملا ہے ۔ نریندر مودی نے یہاں آندھرا پردیش بی جے پی کی جانب سے رینی گنٹہ میں منعقدہ ایک جلسہ اظہار تشکر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں جو کامیابی ملی ہے اور جس قدر عوامی تائید بی جے پی کو حاصل ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ حکومت سے عوام کی امیدیں اور توقعات بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ یہی سوچ رہے ہیں کہ مودی کیا کرسکتا ہے ۔ ہمیں چاہئے کہ اس صورتحال کو بھی ایک موقع کے طورپر دیکھیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ امیدیں اور توقعات در اصل ہندوستان کو مزید روشن اور بہتر بنانے کی ضمانت ہیں۔ نریندرمودی سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے تروپتی پہونچے تھے اور یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے ساتھ 130 کروڑ ہندوستانیوں کا یقین اور اعتماد ہے ۔ عوام کے تعاون اور ان کی مدد کے ذریعہ انہیں یقین ہے کہ ہم ملک کو ایک نئی سمت اور جہت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مستقبل قریب میں دو اچھے مواقع آنے والے ہیں۔ ان کا اشارہ در اصل گاندھی جی کی 150 ویں یوم پیدائش اور ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی سمت تھا ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک کا ہر ایک شہری ایک قدم اٹھاتا ہے تو ملک خود کئی قدم آگے بڑھ جائیگا ۔ انہوں نے ملک کے 130 کروڑ شہریوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے لارڈ وینکٹیشورا کے آشیرواد کی خواہش کی اور کہا کہ ریاستوں اور مرکز کو چاہئے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور ایک نئے ہندوستان کی تشکیل عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو انہیں یقین ہے کہ ہندوستان اور سارے ہندوستان درست سمت میں اور بہتر انداز میں ترقی کرینگے ۔ انہوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو بالواسطہ نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو ابھی تک الیکشن کے صدمہ سے باہر نہیں آسکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور اب ساری توجہ ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور آندھرا پردیش میں مستحکم حکومتیں قائم ہویء ہیں اور وہ خواہش کرتے ہیں کہ ریاست آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کی قیادت میں ترقی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کیلئے تقری کے ان گنت مواقع ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ریاست کی ترقی کیلئے ہر طرح کا تعاون پیش کیا جائیگا تاکہ ریاست ترقی کرسکے ۔