راجہ سنگھ پر فی الفور کارروائی کرنے پر زور، علمائے کرام، دانشوروں اور سیاسی رہنماؤں کی شیودھر ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) شانِ رسالتؐ میں مسلسل گستاخی کرنے اور پرامن حالات کو بگاڑنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے تلنگانہ کے جید علمائے کرام، مسلم دانشوران اور سیاسی رہنماؤں کے ایک وفد نے حلقہ گوشہ محل کے رکن اسمبلی ملعون ٹی راجہ سنگھ کے خلاف ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ پی شیودھر ریڈی سے نمائندگی کی۔ یہ وفد نے راجہ سنگھ کی جانب سے متعدد بار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہرافشانی کرنے پر فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیر امارات ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش اور مولانا اکبر نظام الدین کی زیرسرپرستی وفد نے ڈی جی پی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی جس میں یہ مطالبہ کیا کہ ٹی راجہ سنگھ نے پھر ایک مرتبہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے اشتعال انگیز بیان دیا ہے اتنا ہی نہیں اس کی اس شرانگیزی کے خلاف کوئی بھی ایف آئی آر درج نہ کرنے کیلئے اس نے حکومت سے نمائندگی بھی کی ہے۔ مسلم وفد نے اپنی درخواست میں ڈائرکٹر جنرل پولیس سے یہ مطالبہ کیا کہ راجہ سنگھ کی زہرافشانی اور اس کے حرکات سے دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیل رہی ہے۔ درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ ملعون راجہ سنگھ کی جانب سے بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہیکہ اس نے تلنگانہ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات جس میں شہریوں، سیاسی نمائندوں کو مذہبی بنیاد پر اشتعال انگیز تقریر یا بیان دینے سے گریز کرنے کیلئے کہا ہے۔ راجہ سنگھ نے ہائیکورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ وفد نے شیودھر ریڈی کو یہ بتایا کہ حالیہ دنوں راجہ سنگھ کی جانب سے پھر ایک مرتبہ شانِ رسالتﷺ میں گستاخی کی گئی ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کی بنیاد پر ایک تازہ ایف آئی آر سخت دفعات کے تحت درج کیا جائے اور پرامن حالات کی برقراری کیلئے رکن اسمبلی کو فوری گرفتار کرتے ہوئے اس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ وفد نے یہ بھی بتایا کہ مسلسل شرانگیزی کے باوجود بھی سخت کارروائی نہ کرنے پر عوام میں احساس تحفظ میں کمی پیدا ہوگی اور مسلم طبقہ میں ناراضگی میں اضافہ ہوگا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر راجہ سنگھ کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس قسم کے بیانات کو مستقبل میں مستقل طور پر روکا جاسکے۔ اس وفد نے مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ و آندھراپردیش، مولانا حامد محمد خان، مفتی محمود زبیر، مولانا احسن الحمومی اور مولانا نثار حسین حیدر آغا، بہادر پورہ کے رکن اسمبلی مبین اور دیگر موجود تھے۔ ب