شانِ رسالت مآب ؐ میں گستاخی کے خلاف آج مرکزی احتجاجی جلسہ عام

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( راست ) ۔ ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں ملعون یتی نرسنگھ آنند کی جانب سے حضورِ اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں کی گئی گستاخی کے خلاف اربابِ طریقت آرگنائزیشن کے زیراہتمام بروزِ جمعرات 10 اکتوبر بعد نمازِ مغرب اردو مسکن، خلوت میں مرکزی احتجاجی جلسہ عام زیرِ صدارت حضرت مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری (سجادہ نشین بارگاہِ حضرت شاہ خاموش قبلہ ؒ) و زیرِ نگرانی حضرت مولانا مفتی خلیل احمد (امیر و شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ) منعقد ہوگا۔ قرأت کلامِ پاک اور نعتِ شہنشاہِ کونین ﷺ سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔شہر حیدرآباد کے معزز علماء کرام و ممتاز مشائخین عظام اس احتجاجی جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ اربابِ طریقت آرگنائزیشن کے سرپرستِ اعلیٰ مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرّین کُلاہ (معتمد مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد) گستاخ رسول ﷺ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرینگے۔ سید احتشام قادری نقشبندی (صدر اربابِ طریقت آرگنائزیشن) و حافظ و قاری محمد ابرار احمد خان قادری ملتانی (معتمد اربابِ طریقت آرگنائزیشن) نے عاشقانِ رسولِ اکرم ﷺ سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی ہے۔