شان رسالتؐ میں گستاخی ناقابل معافی جرم: محمد محمود علی

   

مسلمانوں کے ایمانی جذبہ کی ستائش، راجہ سنگھ کیخلاف حکومت قانونی کارروائی کرے گی

حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شان رسالتؐ میں بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی گستاخی کی سخت مذمت کی۔ مسلمانوں کے ایمانی جذبات کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح کرنے اور ریاست میں امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ آج ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں کوئی بھی مجرم متعدد مرتبہ جرم کرنے کے بعد قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتا، ہر مذہب کے ماننے والوں کا ان کے مذہب، خداوں اور پیغمبروں سے ایمانی و روحانی تعلق ہوتا ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے مذہب کے خلاف کسی قسم کی بیہودگی کو برداشت نہیں کرتا۔ بالخصوص مسلمان آقائے دو جہاں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کسی بھی ریمارک و گستاخی کو برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ان معاملات میں کسی کی پشت پناہی نہیں کرتی اور ناہی یہ برداشت کرے گی کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما ہوں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ محمد محمود علی نے کہا کہ شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والے کے خلاف تلنگانہ حکومت سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔ وزیر داخلہ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں اور صبر و تحمل سے کام لیں اور ہرگز قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور ناہی جذباتی نعروں کا استعمال کریں۔ وزیر داخلہ نے مسلمانوں کو تیقن دیا کہ گستاخی کرنے والے کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ن