حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شان رسالتؐ میں گستاخی کے خلاف سکھ برادری نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ملعون رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ سکھ برادری کے ایک وفد نے کریم نگر پولیس کمشنر سے درخواست کی کہ امن و بھائی چارہ کے ماحول کو بگاڑنے کی اس مذموم حرکت کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیئے۔ سکھ برادری کے وفد نے گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن تلنگانہ ریاست میں مذہبی منافرت پھیلانے اور آپسی بھائی چارہ کو نقصان پہنچانے کی سازش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی سکھ میناریٹی قائدین پر مشتمل اس وفد نے شان رسالت ؐ میں گستاخی کو ناقابل معافی جرم قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کیلئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گستاخی کی گئی۔ سکھ برادری کے قائدین نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے لے کر تاحال ریاست میں کوئی مذہبی بے چینی کا ماحول نہیں تھا اور تلنگانہ کی عوام جو ترقی پسند ہے امن و بھائی چارہ کے ساتھ گنگا جمنی تہذیب کا عملی ثبوت پیش کررہے ہیں اس پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ سکھ برادری نے راجہ سنگھ کے خلاف فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ع