آکلینڈ: پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑنے والے نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اب امریکہ میں کرکٹ کھیلیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اینڈرسن نے امریکہ کی میجر کرکٹ لیگ (ایم ایل سی) سے تین سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔ کورے اینڈرسن گزشتہ 2 سالوں سے کیویز کے بین الاقوامی ٹیم میں دکھائی نہیں دے رہے۔ انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 13 ٹیسٹ میچز، 49 ایک روزہ میچز جبکہ 31 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں انھوں نے مجموعی طور پر 2 ہزار 227 رنز بنائے۔ ان کے اس چھوٹے سے بین الاقوامی کیریئر میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں بھی شامل رہیں۔ اینڈرسن نیوزی لینڈ کی ٹیم کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک تھے اور انھیں جیکب اورم کا متبادل بھی سمجھا جاتا تھا۔ انھوں نے بولنگ کے شعبے میں مذکورہ میچز میں مجموعی طور پر 90 وکٹیں حاصل کیں۔ غیر ملکی ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے اینڈرسن کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔ انھوں نے عندیہ دیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے لیے دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔