شاہراہوں پر پولیس کی چیکنگ ، لاکھوں روپئے ضبط

   

انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری ، الیکشن اسٹاٹکس سرویلینس ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں 11 اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر نافذ کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی روشنی میں مختلف شاہراہو ں وغیرہ پر موٹر گاڑیوں کی تنقیح کے دوران غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی رقومات کو ضبط کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں ایک تازہ ترین واقعہ پولیس نے گاڑیوں کی تنقیح کے دوران گاڑی میں غیر قانونی طور پر منتقل کئے جانے والے دس لاکھ روپئے ضبط کرلیے ۔ تفصیلات کے مطابق نارسنگی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ملاپور مانک چند کمپنی کے قریب گاڑی روک کر مکمل تلاشی لینے پر غیر قانونی طور پر منتقل کئے جانے والے دس لاکھ روپئے دستیاب ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بوڈ اوپل آر این ایس کالونی سے تعلق رکھنے والے مسٹر ایس رام ریڈی اپنی کار میں دس لاکھ روپئے ساتھ رکھ کر سفر کررہے تھے اور اچانک مذکورہ عہدیداروں نے کار روک کر تلاشی لینے پر رقم کے تعلق سے رام ریڈی سے وضاحت طلب کی لیکن وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہ دینے کی وجہ سے ان عہدیداروں نے مختلف شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور اس صورت میں ’ الیکشن اسٹاٹکس سرویلینس ٹیم ‘ کے عہدیداروں نے دستیاب دس لاکھ روپئے ضبط کرلیے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سرویلینس ٹیم میں شامل عہدیداروں مسرس شری پال ، انجینلو ، انتخابی مصارف عہدیدار حلقہ اسمبلی اوپل نے بتایا کہ ضبط کردہ دس لاکھ روپئے ڈسٹرکٹ ٹریژری میٹرچل آفس میں جمع کردئیے گئے ۔۔