حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی حکومت نے ریاست میں شاہراہوں کی ترقی کیلئے 262.19 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاست کو اضافی فنڈز کی فراہمی کیلئے مکتوب روانہ کئے جانے کے بعد یہ فیصلہ کیا گا ہے ۔ ریساتی حکومت نے 744 کروڑ روپئے کی تجاویز پیش کی تھیں تاکہ ریاست میں 42 شاہراہوں کو ترقی دی جاسکے ۔ رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس این ناگیشور راؤ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مرکز نے تلنگانہ حکومت کیلئے سنٹرل روڈ فنڈز سے جملہ 262 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ ماہ جولائی میں ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کو ایک یادداشت بھی اس سلسلہ میں پیش کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت سے جو فنڈز حاصل ہو رہی ہیں ان میں جملہ 35 کروڑ روپئے کے صرفے سے ضلع کھمم میں دو سڑکوں کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مابقی رقومات کو ریاست کے مختلف مقامات پر شاہراہوں کو بہتر بنانے اور ترقی دینے استعمال کیا جائیگا ۔