ہائیکورٹ کی ہدایت پر کارروائی، قبرستانوں کے تحفظ کیلئے ضلع کلکٹرس کو ہدایات: احمد ندیم
حیدرآباد : حکومت نے ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل آوری کرتے ہوئے سینئر آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم کو تلنگانہ وقف بورڈ کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کیا ہے۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں قبرستانوں پر ناجائز قبضوں کی برخاستگی میں ناکامی پر چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے موجودہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم کے خلاف کارروائی کی حکومت کو ہدایت دی تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے بتایا کہ شاہنواز قاسم جو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدہ پر فائز ہیں، اُنھیں چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ اُنھیں مکمل اختیارات کے ساتھ یہ ذمہ داری دی گئی۔ شاہنواز قاسم سابق میں بھی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ احمد ندیم نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مسلم قبرستانوں اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کی جائیں گی۔ ہائیکورٹ نے حکومت کو ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی تھی اور رپورٹ طلب کی تھی۔ 17 ڈسمبر کو اِس مقدمہ کی سماعت ہوگی۔ اِس موقع پر حکومت اپنے حلفنامہ میں نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے تقرر اور قبرستانوں کے تحفظ کے اقدامات کی تفصیلات پیش کرے گی۔ احمد ندیم نے بتایا کہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل کے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نہ صرف قبرستانوں بلکہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کریں۔ حکومت نے ضلع کلکٹرس کی قیادت میں ہر ضلع میں ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس کے علاوہ ریونیو عہدیداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں ٹاسک فورس کو متحرک کیا جائے گا۔ احمد ندیم نے بتایا کہ کمشنران پولیس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو حکومت کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں غیر مجاز قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کو شکایت ہے کہ پولیس ایف آئی آر درج کرنے سے گریز کررہی ہے جس کے نتیجہ میں غیر مجاز قابضین کے حوصلے بلند ہیں۔ احمد ندیم نے بتایا کہ ریاست بھر میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے حکومت نے پولیس اور ریونیو عہدیداروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ اِن محکمہ جات کے تعاون کے بغیر تحفظ ممکن نہیں ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں تفصیلات پر مبنی حلفنامہ داخل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا۔ اُنھوں نے حکومت کو جو جواب داخل کیا اُس کا جائزہ لینے کے بعد مزید کارروائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
