شاہین اکیڈیمک انٹنسیو کیئریونٹس کالنگم پلی اور عطاپورمیں قیام

   

تہذیب کی حفاظت، اخلاق کی بلندی، کردارسازی اور حب الوطنی شاہین تعلیمی اداروںکی پہچان۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 29؍جون( پریس نوٹ ) ۔ شاہین گروپ کے عطاپور اور لنگم پلی میں اکیڈیمک انٹنسیو کیئر یونٹ ( اے آئی سی یو ) کا 20؍جولائی کو افتتاح عمل میں آئے گا۔ ڈاکٹر ایم اے قدیر بانی شاہین گروپ آف ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنس نے میڈیا پلس میں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر شاہین جونیئر کالج ملک پیٹ سے انٹرسال اول میں ریاستی سطح پر تیسرا رینک لانے والی طالبہ سارہ فاطمہ، ایم پی سی سال اول میں 470 میں سے 465 نمبر حاصل کرنے والے طالب علم محمد سفیان، ممتاز پلمونولوجسٹ ڈاکٹر متین الدین سلیم کے علاوہ شاہین گروپ کے ڈائرکٹر مسٹر انیل بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے اس بات پر مسرت اور طمانیت کا اظہار کیا کہ حیدرآباد میں اگرچہ کہ شاہین اداروں کا قیام دو سال قبل ہی عمل میں آیا ہے تاہم اس کے نتائج توقع سے زیادہ بہتر ہے۔ انٹرمیڈیٹ سال اول میں کئی طالبات اور طلباء نے شاندار نشانات حاصل کئے۔ جبکہ انٹرمیڈیٹ سال دوم میں سیدہ شیما رمیسہ نے 988 اور زہرا بیگم نے 983 نشانات حاصل کئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے شاہین اے آئی سی یو سے متعلق بتایا کہ ایسے طلبہ جو مختلف مضامین میں کمزور ہوتے ہیں‘ ان پر خصوصی توجہ کے لئے یہ یونٹ قائم کیا گیا اس کا تجربہ بیدر میں کامیاب رہا ہے کیوں کہ اس اے آئی سی یو کی بدولت کئی ڈراپ آئوٹ اور مختلف مضامین میں کمزور طلبہ مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ شاہین کیمپس کا معین آباد میں بھی آغاز ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے بتایا کہ شاہین گروپ کے قیام کا مقصد تعلیم کو عام کرنا ہے کیوں کہ تعلیم ہی آدمی کو انسان بناتا ہے اور تعلیم روزگار کے وسائل پیدا کرتی ہے جو تمام مسائل کا حل ہے۔ تہذیب کی حفاظت، اخلاق اور کردار کی بلندی کے بغیر تعلیم یافتہ انسان بھی غیرمہذب کہلاتا ہے۔ آج ملک کو سب سے زیادہ بھائی چارہ کی ضرورت ہے۔ شاہین کیمپس کے ماحول سے متاثر ہوکر کرناٹک ہی میں نہیں‘ بلکہ تلنگانہ کے غیر مسلم برادرانِ وطن اپنے بچوں کو شاہین کیمپس میں داخل کروارہے ہیں۔ اس موقع پر عادل آباد اور نظام آباد برانچس کے ذمہ داروں نے بھی خطاب کیا۔ انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے ٹاپرس بھاگیہ لکشمی، سارہ فاطمہ، زہرا بیگم اور شیما نے بھی میڈیا سے خطاب کیا۔ مفتی عبدالواجد نے تعارف کروایا۔