نئی دہلی: دہلی کے جہانگیر پوری سمیت ملک کی متعدد ریاستوں میں بغیر کسی عدالتی احکام کے مسلمانوں کی املاک پر غیر قانونی بلڈوزر چلانے کے خلاف جمعیۃ علمائے ہند کی دائر کردہ عرضی پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہونی تھی، تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے حلف نامہ داخل نہیں کیے جانے کی وجہ سے سنوائی ملتوی ہوگئی، حالانکہ عدالت نے اسٹے کو برقرار رکھا ہے۔ یہ اطلاع کل جاری کردہ ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔دریں اثناء شاہین باغ میں غیر قانونی بلڈوزر چلنے کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے داخل پٹیشن پر سپریم کورٹ نے سماعت کرنے سے انکار کردیا اور حکم دیا کہ دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے اور اگر دہلی ہائی کورٹ سے انہیں راحت نہیں حاصل ہوتی ہے تو وہ سپریم کورٹ آئیں۔ اس معاملے پر جمعیۃ علماء ہند نے بھی مداخلت کار کی حیثیت سے پٹیشن داخل کی تھی۔