شاہین باغ میں ملک کو توڑنے والے لوگ:روی شنکر پرساد

   

نئی دہلی27جنوری(سیاست ڈاٹ کام) قانون کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے ا ے )کے خلاف شاہین باغ میں مظاہرہ کرنے والوں کی حمایت کرنے کے لئے پیر کو کانگریس اور عام آدمی پارٹی(عآپ)کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے عوام کو اسمبلی انتخابات میں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ووٹ بینک کی سیاست کرنے والے ‘ٹکڑے ٹکڑے گینگ’ کے ساتھ ہیں یا سبھی کو عزت اور احترام کے ساتھ رہنے کا موقع دینے والوں کوچاہتے ہیں۔مسٹر پرساد نے آج بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی)نے دہلی دفتر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہین باغ اب دلی کا ایک محلہ نہیں رہ گیا ہے ،یہ ایک نظریہ ہے جہاں ترنگے جھنڈے کا استعمال ایسے لوگوں کو ڈھال دینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے جو ملک کو باٹنا چاہتے ہیں۔شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف بیٹھے لوگوں کو ووٹ بینک کی سیاست کے لئے ‘ ٹکڑے ٹکڑے ’گینگ کی حمایت کرنے والوں کے تئیں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں لیکن نائب وزیراعلی منیش سیسودیا مظاہرین کی حمایت کھل کر کررہے ہیں۔پریس کانفرنس میں بی جے پی کی دلی اکائی کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ وجے گوئل،رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی اور بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کے علاوہ دیگر لیڈر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف احتجاج ہورہاہے وہاں صرف وزیراعظم نریندرمودی کی مخالفت کی جارہی ہے ۔