نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے مشہور شاہین باغ میں آج رات آگ لگ گئی ۔ تقریباً9 بجے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا ۔ آتش فرو عملہ نے کچھ دیر میں آگ پر قابو پالیا ۔ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کیخلاف احتجاج کی وجہ سے سرغیوں میں رہنے والا شاہین باغ علاقہ اتوار کی شب اچانک پھر ایک مرتبہ سرخیوں میں آگیا ۔یہاں بھیانک آگ لگ گئی ۔ عوام نے فائر بریگیڈ محکمہ کو فوراً فون کیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ آگ ایک فرنیچر کی دوکان میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے کافی بڑھ گئی ۔ علاقہ میں آگ کی اطلاع ملتے ہی افراتفری بھی مچ گئی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ۔ دہلی پولیس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد شاہین باغ میں احتجاجی جگہ کو خالی کرادیا تھا ۔ یہاں پر 3 ماہ سے بھی زیادہ عرصہ تک سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج جاری رہا ۔ پولیس کے عہدیداروں نے شاہین باغ میں مظاہرہ کررہی ضعیف اور نوجوان خواتین سے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ پولیس کی اپیل کے باوجود احتجاج جاری تھا ۔ تاہم پولیس نے بعد ازاں احتجاجیوں کو یہاں سے ہٹادیا ۔ پولیس کی اس کارروائی کے خلاف شاہین باغ احتجاجیوں نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی ہے ۔