’شاہین باغ کی دادی‘ دنیا کی 100 بااثر شخصیات میں شامل

,

   

نئی دہلی / واشنگٹن : امریکہ کی معروف میگزن نے سنہ 2020 کے لیے 100 بااثر شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس میں اگر ایک جانب ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی ہیں تو دوسری جانب ان کی حکومت کے ایک قانون کی مخالفت کرنے والی ’شاہین باغ کی دادی‘ بھی ہیں۔ٹائم میگزین کی فہرست میں ہندوستان سے اداکار ایوشمان کھرانہ، ہندوستانی نژاد امریکی رہنما کملا ہیرس کے علاوہ گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور ایچ آئی وی پر تحقیق کرنے والے پروفیسر رویندر گپتا بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ اس رسالے کی فہرست میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل اور امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی جیسی عالمی قدآور شخصیات بھی شامل ہیں۔شاہین باغ کی ’دادی‘ کے نام سے معروف 82 سالہ بلقیس بانو کی شمولیت کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا ذکر 100ویں نمبر پر ہے۔ وہ گذشتہ برس پارلیمان کے اجلاس میں منظور کیے جانے والے شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج کا چہرہ بن گئی ہیں۔ 101 دن تک جاری رہنے والی اس ملک گیر ہڑتال میں وہ جنوب مشرقی دہلی کے شاہین باغ میں روزانہ صبح سے رات دیر تک ہزاروں دوسری خواتین کیساتھ دھرنے پر بیٹھتی تھیں۔