حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شاہین نگر کے علاقہ وادی صالحین میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ کل رات دیر گئے پیش آئی اس واردات سے شہر میں سنسنی پھیل گئی اور افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ شہر کے موجودہ حالات کے سبب قتل کی یہ واردات خوف و ہراسانی کا سبب بن گئی۔ تاہم قتل کی وجوہات کے انکشاف کے بعد کئی حلقوں میں اس واردات پر افسوس ظاہر کیا گیا۔ بالا پور پولیس کے مطابق 24 سالہ سیدانصار علی کا کل رات وادی صالحین میں قتل کردیا گیا۔ سید انصار علی وادی مصطفی شاہین نگر علاقہ کے ساکن سید نصیر علی کا بیٹا تھا جو تاجر بتایا گیا ہے۔ کل رات دیر گئے اس نوجوان کو ہلاک کردیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس بالا پور نے بتایا کہ انصار علی آصف سے ملاقات کیلئے وادی صالحین گیا تھا جہاں ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور آصف اور دیگر افراد نے چاقوؤں سے حملہ کرتے ہوئے انصار علی کا قتل کردیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع