شاہین نگر میں 200 سے زائد مکانات 25 دن سے پانی میں محصور

   

پیر کو ضلع کلکٹریٹ رنگاریڈی کے روبرو کانگریس کا دھرنا، فیروز خان کی متاثرین سے ملاقات
حیدرآباد : شاہین نگر کے صابر نگر اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 25 دن سے 200 سے زائد مکان پانی میں محصور ہیں، 1200 سے زائد خاندان اناج اور دیگر ضروریات سے محروم ہیں۔ کانگریس پارٹی نے حکومت کی بے حسی کے خلاف پیر کو ضلع کلکٹریٹ رنگاریڈی کے روبرو دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خان نے آج صابر نگر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ مقامی افراد سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کے مسائل دریافت کئے۔ اُنھوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ کانگریس پارٹی نے پانی کی نکاسی اور بلدی مسائل کے حل کے سلسلہ میں دو ہفتے قبل کلکٹر رنگاریڈی سے نمائندگی کی تھی۔ کلکٹر نے نقصانات کی پابجائی کا وعدہ کیا لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ رکن اسمبلی جو ریاستی وزیر ہیں، اِس کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کا تعلق بھی ٹی آر ایس پارٹی سے ہے، میونسپلٹی کے صدرنشین مجلس کے ہیں۔ مجلس اور ٹی آر ایس میں اتحاد کے باوجود گزشتہ 25 دن سے پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں کیا گیا۔ ڈرینج کا پانی مکانات میں داخل ہونے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ اناج اور الیکٹرانک اشیاء تباہ ہوگئے لیکن حکومت اور عوامی نمائندوں کو کوئی فکر نہیں۔ فیروز خان نے کہاکہ کلکٹر کی جانب سے وعدے کی عدم تکمیل کے خلاف پیر کے دن دھرنا منظم کیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شہر کو استنبول بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن قلب شہر میں آج بھی عوام پانی میں محصور ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کو آبپاشی پراجکٹس کے نام پر کمیشن کی فکر ہے لیکن عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی دلچسپی نہیں۔